روی چندرن ایشون نے پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے کے امکانات کو روشن قرار دیا، اوپنرز اور بولرز کو ٹیم کی طاقت بتایا۔
ممبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سابق بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کے جیتنے کے امکانات کو روشن قرار دیا ہے۔ انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل پر پاکستان اسکواڈ کے تجزیے کے دوران ٹیم کے امکانات پر بات کی۔
ایشون نے کہا کہ شاید کچھ لوگوں کو یہ بات پسند نہ آئے، لیکن ان کے خیال میں پاکستان کے جیتنے کے امکانات واقعی بہت اچھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اوپنرز اور بولرز ٹیم کی بڑی طاقت ہیں، خاص طور پر صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب جو پاور پلے میں متاثر کن کارکردگی دکھا رہے ہیں۔
بولنگ میں شاہین شاہ آفریدی کا پاور پلے میں اکانومی ریٹ 6.5 ہے، جبکہ ابرار احمد اور نواز بھی بہترین بولرز ہیں۔ تاہم، ایشون نے ٹیم کی کچھ کمزوریوں کا بھی ذکر کیا، جیسے بابر اعظم کا مڈل آرڈر میں آنا اور ڈیتھ اوورز میں بولنگ کی مؤثریت۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 7 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا میں منعقد ہوگا۔ پاکستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ ہفتے کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گا۔















