چین میں خاتون کی بھول چوک سے سڑک پر برف جم گئی، سوشل میڈیا پر معافی مانگی۔
لانسو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چین کے صوبہ گانسو کے شہر لانسو میں ایک خاتون کی معمولی بھول چوک سے سڑک پر برف جم گئی۔ وانگ نامی خاتون نے اپنے گھر کے سولر واٹر ہیٹر کا نلکا بند کرنا بھول گئیں جس کے باعث پانی نو گھنٹوں تک بہتا رہا اور درجہ حرارت کم ہونے کی وجہ سے سڑک پر برف جم گئی۔
خاتون نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے معافی مانگی اور بتایا کہ ان کے والد نے صبح 6 بجے سڑک پر برف دیکھی۔ والد کی ہدایت پر وہ فوراً باہر نکلیں اور برف صاف کرنے میں مصروف ہوگئیں۔
وانگ کی والدہ نے قریبی دکان سے نمک خریدا تاکہ برف کو پگھلایا جا سکے، لیکن اس دوران علاقے کا تمام نمک فروخت ہو گیا۔ وانگ نے مزید کہا کہ والد نے انہیں اس غلطی پر ڈانٹا اور وہ شرمندگی محسوس کر رہے تھے۔
عمارت کے رہائشیوں نے بھی خاتون کی مدد کی اور سڑک سے برف ہٹانے میں تعاون کیا۔












