ازبک صدر شوکت مرزائیوف دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال ہوا اور 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نور خان ایئربیس پر ان کا استقبال کیا، جہاں 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور ثقافتی ملبوسات میں ملبوس بچوں نے گلدستے پیش کیے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی ہارون اختر خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ازبک صدر کے ساتھ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان آیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ازبک صدر وزیراعظم اور صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے جبکہ وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔
ازبک صدر پاکستان۔ازبکستان بزنس فورم سے خطاب کریں گے۔ مذاکرات میں تجارت، توانائی اور دفاعی تعاون کے علاوہ تعلیم، عوامی روابط اور علاقائی رابطوں کے فروغ پر بھی بات چیت ہوگی۔ یہ دورہ پاک۔ازبک تعلقات میں بہتری کی عکاسی کرتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق ہوگا۔












