پاکستان میں نپاہ وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، ماہرین کے مطابق اس کا براہ راست خطرہ نہیں۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ماہرین امراض متعدی نے کہا ہے کہ پاکستان میں نپاہ وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا اور اس کا کوئی براہ راست خطرہ نہیں ہے۔ آغا خان یونیورسٹی اسپتال میں منعقدہ گول میز کانفرنس میں ڈاکٹر فیصل محمود اور ڈاکٹر نوشین ناصر نے بتایا کہ نپاہ وائرس کے عالمی سطح پر محدود کیسز سامنے آتے ہیں جن میں زیادہ تر مشرقی بھارت اور بنگلادیش میں ہوتے ہیں، جو پاکستان کے لیے براہ راست خطرہ نہیں ہیں۔
ماہرین نے وضاحت کی کہ نپاہ وائرس زونوٹک انفیکشن ہے جو جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے، تاہم انسان سے انسان میں منتقلی کے امکانات کم ہوتے ہیں۔ پاکستان میں نپاہ وائرس کا کوئی ٹیسٹ دستیاب نہیں، تاہم کسی مشتبہ کیس کی صورت میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سے ٹیسٹ کروائے جائیں گے۔
ڈاکٹر فیصل محمود نے کہا کہ پاکستان میں نپاہ وائرس کی اسکریننگ کی فوری ضرورت نہیں ہے اور فی الحال این 95 ماسک کا استعمال وینٹیلیشن کے دوران ضروری ہے۔ موجودہ صورتحال میں عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی گئی ہے، جیسے کہ ہاتھوں کی صفائی، پھلوں کو دھو کر استعمال کرنا اور آدھا کٹا پھل نہ کھانا۔














