خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مضبوط پاکستان ہی آزادی کشمیر کا ضامن ہے، اور مسئلہ کشمیر کا پرامن حل خطے میں امن کے لیے ضروری ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سابق وفاقی وزیر اور ن لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مضبوط پاکستان ہی آزادی کشمیر کا ضامن ہے۔ انہوں نے لاہور میں یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ضروری ہے، یہ مسئلہ دو ایٹمی ملکوں کے درمیان فلیش پوائنٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی آزادی کے لیے بے مثال جدوجہد جاری ہے اور اس معاملے پر تمام سیاسی جماعتیں اور قوم متحد ہیں۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ پاکستان جیو اور جینے دو کے اصول پر چلنا چاہتا ہے، نواز شریف نے اس حوالے سے بڑی کوشش کی، اگر ان کی کوشش کو جاری رہنے دیا جاتا تو حالات بدل سکتے تھے۔ ہم نے بہت سے سنہری مواقع گنوائے ہیں۔















