چینی سفیر نے بلوچستان میں دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور چینی شہریوں کی سکیورٹی پر زور دیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چینی سفیر نے وزارت داخلہ کا دورہ کرتے ہوئے بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کی اور پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
چینی سفیر جیانگ ژی ڈونگ نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ساتھ ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔ چینی سفیر نے بلوچستان میں شہریوں اور سکیورٹی فورسز پر ہونے والے حملوں کی مذمت کی اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ چین دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔ محسن نقوی نے چینی سفیر کو سکیورٹی فورسز کے بروقت اور مؤثر آپریشنز سے آگاہ کیا اور چینی شہریوں کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔
وزیر داخلہ نے چینی شہریوں کی حفاظت کو ترجیح قرار دیا اور کہا کہ چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لیے سپیشل پروٹیکشن یونٹ تشکیل دیا جا رہا ہے۔ ملاقات میں انسدادِ دہشتگردی، داخلی سلامتی اور سیکیورٹی تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔














