کراچی کے ڈی ایچ اے خیابان اتحاد روڈ پر ہیکرز نے ایڈورٹائزمنٹ اسکرینز ہیک کر کے غیر اخلاقی مواد نشر کر دیا، تحقیقات جاری ہیں۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ڈی ایچ اے خیابان اتحاد روڈ پر نامعلوم ہیکرز نے ایڈورٹائزمنٹ اسکرینز کو ہیک کر کے غیر اخلاقی مواد نشر کر دیا۔
نامعلوم افراد نے عبدالستار ایونیو پر نصب ایڈورٹائزمنٹ اسکرینز کو ہیک کر کے چند لمحوں کے لیے غیر اخلاقی مواد نشر کیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ متعلقہ اداروں نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متنازع اسکرینز کو بند کر دیا۔
حکام نے احتیاطی تدابیر کے تحت ڈی ایچ اے کی اہم شاہراہوں کے علاوہ شاہراہ فیصل اور کارساز روڈ پر نصب متعدد ڈیجیٹل ایڈورٹائزمنٹ اسکرینز کو بھی عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔
این سی سی آئی اے اور سائبر کرائم یونٹ نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اسکرینز کو ہیک کرنے میں ملوث عناصر کی نشاندہی کے لیے تکنیکی شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔














