یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے اور مختلف تقریبات میں ان کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے آج ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔ ملک بھر میں عام تعطیل کے ساتھ مظفرآباد میں صبح نو اور دس بجے کے درمیان سائرن بجائے جائیں گے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔
ملک بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے تقاریب منعقد کی جائیں گی جبکہ آزاد کشمیر اور پاکستان کو ملانے والے راستوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی۔ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس بھی آج ہوگا جس میں وزیراعظم شہباز شریف مظفرآباد جائیں گے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کا عزم کیا ہے۔ صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم یکجہتی کشمیریوں سے غیر متزلزل حمایت کے عزم کی تجدید کا دن ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دینا ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے اور پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
افواجِ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر، نیول چیف اور ائیر چیف نے کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں اور گرفتاریاں ناقابلِ قبول ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ضروری ہے اور عالمی برادری کو کشمیری عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔















