ٹرمپ کی ایرانی جوہری پروگرام کے دوبارہ آغاز پر کارروائی کی دھمکی

ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا کہ جوہری پروگرام کے دوبارہ آغاز پر امریکا سخت کارروائی کرے گا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
ٹرمپ کی ایرانی جوہری پروگرام کے دوبارہ آغاز پر کارروائی کی دھمکی

واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے جوہری پروگرام دوبارہ شروع کیا تو امریکا سخت کارروائی کرے گا۔ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی حملوں کے بعد ایران کی جوہری تنصیبات مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔

انٹرویو کے دوران ٹام لیماس نے صدر ٹرمپ سے براہِ راست سوال کیا کہ کیا اس وقت ایرانی سپریم لیڈر کو پریشان ہونا چاہئے۔ اس پر امریکی صدر نے جواب دیا کہ انہیں “بہت زیادہ فکر مند ہونا چاہئے”، کیونکہ امریکا نے ایران کے جوہری پروگرام کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے اور مستقبل میں کسی بھی جوہری سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی کارروائی نہ ہوتی تو ایران ایک ماہ کے اندر جوہری ہتھیار بنانے کے قریب تھا، جو مشرقِ وسطیٰ کے لیے ایک بڑا خطرہ بن سکتا تھا۔ ان کے مطابق اسی کارروائی کے نتیجے میں خطے میں طاقت کا توازن بدلا اور عرب ممالک ایران کے جوہری خطرے سے آزاد ہو گئے۔

صدر ٹرمپ کے مطابق امریکی بی-۲ بمبار طیاروں نے ایرانی جوہری اہداف کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں جوہری ڈھانچے کو مکمل تباہی کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے تباہ شدہ جوہری مقام پر دوبارہ جانے کی کوشش کی، لیکن کامیاب نہیں ہو سکا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ دوبارہ ایسا ہوا تو نتائج سنگین ہوں گے۔

اس وقت امریکا اور ایران کے درمیان جوہری معاملات پر مذاکرات جاری ہیں، لیکن امریکی صدر کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکا ایران کی جوہری سرگرمیوں کو روکنے کے لیے طاقت کے استعمال سے گریز نہیں کرے گا۔

دیگر متعلقہ خبریں