اپوزیشن اتحاد نے حکومت سے غزہ کے بورڈ آف پیس سے علیحدگی کا مطالبہ کیا اور فلسطین کے لیے عالمی حمایت کی ضرورت پر زور دیا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ کے نام نہاد بورڈ آف پیس سے اپنی شمولیت فی الفور واپس لیں۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان نے غزہ کے معاملے پر کانفرنس کا اعلامیہ جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ پاکستان کو امریکی سامراج اور ٹرمپ حکومت کے تناظر میں اپنے فلسطینی بھائیوں کی حمایت کے لیے پارلیمان اور قومی سیاسی جماعتوں کو بحث کا حصہ بنانا چاہیے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو گلوبل ساؤتھ کے ممالک پر مشتمل بلاک کی تشکیل کی حمایت کرنی چاہیے جو عالمی سطح پر فلسطین کے لیے آزادی اور انصاف کے مقدمے کی قیادت کرے۔
اپوزیشن اتحاد نے مطالبہ کیا کہ ایک ایسی خارجہ پالیسی بنائی جائے جو باہمی احترام اور تعاون پر مبنی ہو، اور ایران کے خلاف ٹرمپ کی دھمکیوں کی مذمت کی گئی ہے۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان نے وینزویلا، کیوبا، کولمبیا سمیت لاطینی امریکا اور افریقہ کے ممالک کے ساتھ اظہار یک جہتی کیا اور واشنگٹن کے چین کو محدود کرنے کے منصوبوں کی مخالفت کی۔














