عمران خان حملہ کیس: مجرم محمد نوید کو مزید 4 سال قید

وزیرآباد کی عدالت نے عمران خان حملہ کیس میں محمد نوید کو 4 سال قید کی سزا سنائی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
عمران خان حملہ کیس: مجرم محمد نوید کو مزید 4 سال قید

وزیرآباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیرآباد کی عدالت نے پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان پر حملے کے مجرم محمد نوید کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں 4 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ فضل الٰہی نے پنجاب آرمز (ترمیم شدہ) آرڈیننس 2015 کے تحت محمد نوید کو مجرم قرار دیا۔ مقدمہ/ایف آئی آر نمبر 742/2022 کے شواہد کا جائزہ لینے کے بعد مجسٹریٹ نے چار سال کی سادہ قید اور 40,000 روپے جرمانے کی سزا سنائی۔

یہ سزا کسی بھی دیگر سزاؤں کے ساتھ چلائی جائے گی جو مجرم دوسرے فوجداری مقدمات میں کاٹ رہا ہو اور جیل میں داخل ہونے کی تاریخ سے لاگو ہوگی۔

عدالت کے حکم کے مطابق سینٹرل جیل گوجرانوالہ کے سپرنٹنڈنٹ کو محمد نوید کی تحویل میں لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اپریل 2025 میں محمد نوید کو انسداد دہشت گردی عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

3 نومبر 2022 کو پنجاب کے وزیر آباد میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران حملہ ہوا تھا جس میں عمران خان، سینیٹر فیصل جاوید اور متعدد افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ ایک کارکن جانبحق ہوا تھا۔

دیگر متعلقہ خبریں