افغان طالبان دہشت گرد گروہ ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کر رہے؟ تازہ رپورٹ

افغان طالبان ٹی ٹی پی کے خلاف مؤثر کارروائی سے گریزاں ہیں، فارن پالیسی رپورٹ کے مطابق نظریاتی قربت اس کی وجہ ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
افغان طالبان کی ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی میں ناکامی کی وجوہات

کابل: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی جریدے فارن پالیسی کی تازہ رپورٹ کے مطابق افغان طالبان کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ نظریاتی اور عملی قربت کے باعث طالبان ٹی ٹی پی کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے سے گریزاں نظر آتے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قطر، ترکیہ اور سعودی عرب کی ثالثی کی کوششیں بھی طالبان کو ٹی ٹی پی کے خلاف قائل نہ کر سکیں۔ طالبان قیادت نے اب تک ٹی ٹی پی کے معاملے میں کوئی واضح لائحہ عمل اختیار نہیں کیا۔

فارن پالیسی نے طالبان اور بھارت کے بڑھتے ہوئے روابط کو صورتحال کی پیچیدگی میں اضافہ قرار دیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طالبان پاکستان کے ساتھ کشیدگی کو اپنی سیاسی ساکھ مضبوط کرنے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاک بھارت تنازعات خطے میں عدم استحکام کا سبب بنتے رہے ہیں، لیکن پاکستان اور افغانستان کے درمیان ممکنہ تنازع دہشت گردی کے خطرات کو بڑھا سکتا ہے۔

امریکی جریدے نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافہ جنوبی ایشیا میں عدم استحکام اور امریکی مفادات کے خلاف حملوں کا باعث بن سکتا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں