مریم نواز نے بسنت کو پنجاب کی ثقافتی شناخت کا حصہ قرار دیتے ہوئے محفوظ بسنت کے لیے اقدامات کیے ہیں۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ بسنت محض ایک فیسٹیول نہیں بلکہ ایک اجتماعی جذبے کا نام ہے جو پنجاب کی ثقافتی شناخت کو دنیا بھر میں متعارف کراتا ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بسنت پنجاب کا ایک خوبصورت تہوار ہے اور محفوظ بسنت کے لیے کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کی مقامی زبانوں کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہے ہیں اور اپنے بچوں کو پنجابی زبان سے روشناس کرانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے صوبے اور زبان پر فخر ہونا چاہیے اور بسنت کو دنیا میں پاکستان کی ترقی پسند تصویر دکھانے کے لیے ایک بہترین موقع قرار دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دہائیوں سے ملک کی معیشت اور حالات کی خرابی کا بیانیہ سننے کو ملا، لیکن اب حالات بدل رہے ہیں اور ترقی ہو رہی ہے۔ بسنت کے انعقاد کے لیے سکیورٹی پروٹوکولز اور سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز تیار کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے معاشرے میں نیگٹویٹی پھیلائی اور فساد و انتشار کی سیاست کو فروغ دیا۔ مریم نواز نے کہا کہ لوگ اب کارکردگی کے ساتھ کھڑے ہیں، جھوٹے نعروں کے ساتھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ فساد اور گالم گلوچ کی سیاست کو ختم کرنا ہوگا اور دعا کی کہ لوگ بسنت کے دنوں کو خوب انجوائے کریں۔















