لاہور کے گجرپورہ میں پتنگوں کے بہانے رشوت لینے پر چار پولیس اہلکار معطل۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز)
گجرپورہ میں پولیس اہلکاروں نے پتنگیں چیک کرنے کے بہانے رشوت لینے کا معاملہ سامنے آیا، جس پر چار اہلکار معطل کر دیے گئے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے انکوائری کا حکم دیتے ہوئے بتایا کہ مرتضیٰ، امجد، شاہد اور عرفان نامی اہلکاروں پر رشوت ثابت ہوگئی۔
اہلکاروں نے عثمان، سبحان اور سفیان نامی نوجوانوں سے پتنگوں پر لگے بارکوڈ کو غیر نمونہ قرار دے کر 56 ہزار روپے اور 50 گڈے رشوت میں لیے۔ اس واقعے کی آڈیو ریکارڈنگ بھی منظر عام پر آچکی ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز توقیر نعیم نے بتایا کہ اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا جا رہا ہے اور رشوت کی رقم واپس کرنے کی آڈیو ریکارڈنگ بھی سامنے آئی ہے۔ ڈی آئی جی نے واضح کیا کہ محکمہ میں کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی۔














