پاکستان کے بھارت سے میچ کے بائیکاٹ سے آئی سی سی اور براڈکاسٹرز کو مالی نقصان کا سامنا ہے، جس سے عالمی کرکٹ متاثر ہو سکتی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان کے بھارت کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی میچ کے بائیکاٹ نے کرکٹ کی دنیا میں ہلچل مچا دی ہے، جس کے باعث آئی سی سی اور براڈکاسٹرز کو مالی نقصان کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی کو بائیکاٹ کی وجہ سے 1.3 ارب ڈالر کا نقصان ہوگا جبکہ براڈکاسٹرز کو 141 ارب روپے کی مالی نقصان کا اندازہ ہے۔ گیٹ منی اور اشتہارات کی آمدنی بھی متاثر ہوگی، جس سے لاکھوں ڈالرز کا نقصان ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی دو پوائنٹس کی محرومی اور تقریباً دو ارب روپے کے مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اسپانسرشپ کی آمدنی میں بھی بڑی کمی کا امکان ہے، جبکہ آئی سی سی کی سالانہ فنڈنگ میں کٹوتی کی توقع ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بائیکاٹ کے باعث ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی ویورشپ کم ہو سکتی ہے اور عالمی کرکٹ کے تجارتی حلقوں میں پریشانی ہے۔
پاکستان کے انکار نے بھارتی بورڈ اور آئی سی سی کو مالی اور مارکیٹنگ کے محاذوں پر نقصان پہنچایا ہے، اور اب سب کی نظریں اس صورتحال سے نکلنے کے اقدامات پر ہیں۔















