وزیراعظم نے گورنر اسٹیٹ بینک کو شرح سود میں کمی کی ہدایت کی، جبکہ اسٹیٹ بینک کے فیصلے پر تنقید کی گئی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) جنوری 2026 کے دوران پاکستان میں مہنگائی کی شرح 5.8 فیصد تک پہنچ گئی، جو مارکیٹ اور وزارتِ خزانہ کے اندازوں کے مطابق ہے۔ پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس کے مطابق، اشیاء اور خدمات کی قیمتوں میں سالانہ اضافہ مستحکم رہا۔
کور مہنگائی شہری علاقوں میں بڑھی جبکہ دیہی علاقوں میں کمی دیکھی گئی۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود کو دوہرے ہندسوں میں برقرار رکھنے کے فیصلے پر تنقید ہوئی۔ مرکزی بینک نے تسلیم کیا کہ مہنگائی سے متعلق توقعات میں کمی آئی ہے اور آئندہ مالی سالوں میں مہنگائی 5 سے 7 فیصد کے ہدف کے اندر رہنے کا امکان ہے، مگر شرح سود میں کمی نہیں کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گورنر اسٹیٹ بینک کو معیشت کو سہارا دینے کے لیے شرح سود میں کمی کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے بڑھتی غربت اور بے روزگاری کے باعث معیشت کو تیزرفتار ترقی کی ضرورت پر زور دیا۔ وزارتِ خزانہ کی رپورٹ کے مطابق 2025 کے دوران تقریباً 7 لاکھ 62 ہزار پاکستانی بہتر روزگار کی تلاش میں ملک چھوڑ گئے۔















