بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 177 دہشت گرد مارے گئے، آپریشن کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کے حملوں کے بعد شروع ہوا۔
کوئٹہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز)
بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جہاں رات گئے فالو اَپ آپریشنز میں مزید 22 دہشت گرد مارے گئے۔ گزشتہ تین روز کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 177 تک پہنچ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔ ان کارروائیوں میں سیکیورٹی فورسز، انٹیلی جنس ادارے اور پولیس مشترکہ طور پر حصہ لے رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کے حملوں کے بعد کی جا رہی ہیں۔
پاک فوج کے مطابق دہشت گردوں نے کوئٹہ، مستونگ، نوشکی، دالبندین، خاران، پنجگور، تمپ، گوادر اور پسنی میں سیکیورٹی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ فورسز نے فوری جوابی کارروائیاں کرتے ہوئے پہلے دن 92 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
ان کارروائیوں میں 18 شہری جاں بحق ہوئے، جبکہ 15 سیکیورٹی اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا۔ وزیراعلیٰ نے دہشت گردوں پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا۔














