یاسر عرفات کو یو اے ای کا بولنگ کوچ مقرر کر دیا گیا، وہ ٹیم کی ورلڈ کپ تیاریوں میں اہم کردار ادا کریں گے۔
دبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) متحدہ عرب امارات نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 سے قبل سابق پاکستانی آل راؤنڈر یاسر عرفات کو بولنگ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ یہ تقرری یو اے ای کرکٹ کے بولنگ ڈیپارٹمنٹ کو مؤثر بنانے کی غرض سے کی گئی ہے۔
یاسر عرفات نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 2007 اور 2012 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلے ہیں اور وہ کرکٹ میں اپنے نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ مہارت کے لیے معروف ہیں۔ انہوں نے لافبرو یونیورسٹی سے ای سی بی لیول فور کوچنگ کوالیفکیشن حاصل کی، جو ہائی پرفارمنس کوچنگ میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
یاسر عرفات کا انگلینڈ کی کاؤنٹی ٹیموں سسیکس اور سرے کے ساتھ ساتھ آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں پرتھ اسکورچرز کے ساتھ کوچنگ کا وسیع تجربہ ہے۔ وہ پاکستان میں ہائی پرفارمنس کوچ اور ہانگ کانگ کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔
یو اے ای کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ یاسر عرفات ورلڈ کپ مہم اور ٹورنامنٹ سے قبل ہونے والی سیریز کی تیاریوں میں اہم کردار ادا کریں گے۔ 43 سالہ یاسر عرفات آئرلینڈ کے خلاف ورلڈ کپ سے قبل ہونے والی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز میں بھی ٹیم کے ساتھ کام کریں گے۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 بھارت اور سری لنکا میں 7 فروری سے 8 مارچ تک کھیلا جائے گا، جہاں یو اے ای ٹیم بہتر بولنگ حکمت عملی کے ذریعے نمایاں کارکردگی دکھانے کی امید رکھتی ہے۔















