آسٹریلیا نے طالبان حکومت کی پالیسیوں پر افغان سفارت خانہ بند کر دیا ہے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور خواتین پر پابندیاں اس فیصلے کی وجوہات ہیں۔
کینبرا: (رائیٹ ناوٴ نیوز) آسٹریلیا نے طالبان حکومت کی پالیسیوں کے باعث افغانستان میں قائم سفارت خانہ بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ آسٹریلیا کے محکمہ خارجہ و تجارتی امور نے کہا ہے کہ طالبان کی جانب سے مقرر کردہ کسی بھی سفارتکار یا نمائندے کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔
آسٹریلوی حکومت کا کہنا ہے کہ طالبان حکومت کو افغان عوام کا جائز نمائندہ نہیں مانا جاتا۔ محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ طالبان حکومت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، خواتین پر پابندیاں اور اختلافِ رائے کو دبانے کی پالیسیاں ناقابلِ قبول ہیں۔
ریفیوجی کونسل آف آسٹریلیا نے افغانستان میں انسانی بحران کی سنگینی پر تشویش کا اظہار کیا ہے، جہاں شہری طالبان کے زیر انتظام اداروں سے دستاویزات حاصل کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق افغان سفارتی مشنز کی بندش طالبان حکومت کے خلاف عالمی عدم اعتماد کی علامت ہے۔ طالبان کی پالیسیوں کے باعث افغان شہریوں کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔













