لاہور میں بسنت کیلئے مختص چھتوں کے مالکان کو ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے شورٹی بانڈز جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے؛ خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہوگی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سی سی پی او لاہور نے بسنت کے لیے مختص چھتوں کے مالکان کو ایس او پیز کی پابندی یقینی بنانے کے لیے شورٹی بانڈز جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت بسنت کے پُرامن انعقاد کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں بسنت کے محفوظ انعقاد کو یقینی بنانے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ چھتوں پر گنجائش سے زائد افراد کی اجازت نہیں ہوگی اور پنجاب ریگولیشن آف کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے گا۔ مزید برآں، آج سے کوئی موٹر بائیک سیفٹی راڈ کے بغیر روڈ پر نہیں آنی چاہیے۔
سی سی پی او لاہور نے بسنت کے دوران مانیٹرنگ کے لیے پولیس ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش پر زیرو ٹالرنس ہوگی اور خلاف ورزی پر بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔















