ایف بی آر نے 45 ارب روپے کے ٹیکس شارٹ فال پورا کرنے کے لیے آج دفاتر کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ماہ رواں میں 45 ارب روپے کے ٹیکس شارٹ فال کو پورا کرنے کے لیے ٹیکس دفاتر آج چھٹی کے دن بھی کھلے رہیں گے۔ ایف بی آر کو مالی سال کے پہلے سات مہینوں میں تقریباً پونے چار سو ارب روپے کی ریونیو کمی کا سامنا ہے اور 13979 ارب روپے کا نظرثانی شدہ سالانہ ٹیکس ہدف پورا کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
ایف بی آر کے مطابق آج تمام لارج ٹیکس پیئرز، میڈیم ٹیکس پیئرز، کارپوریٹ ٹیکس دفاتر اور ایف بی آر کے تمام علاقائی ٹیکس دفاتر کھلے رہیں گے۔ ٹیکس و ڈیوٹیز کی وصولی کے لیے مجاز بینک برانچیں بھی کھلی رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں ریونیو ہدف سے 239 ارب روپے کم رہا تھا۔ رواں ماہ 1031 ارب ہدف کے مقابلے میں اب تک 986 ارب روپے ٹیکس جمع ہوا ہے اور آج رات تک مزید تقریباً 40 ارب روپے سے زائد ٹیکس وصولی کی توقع ہے۔
اگلے دو ماہ میں سپر ٹیکس کی مد میں بھی 200 ارب روپے کی وصولی کا امکان ہے۔ مالی سال کے پہلے نو ماہ میں آئی ایم ایف سے 9917 ارب ٹیکس وصولی کا وعدہ کیا گیا ہے۔ ایف بی آر کو مارچ تک مزید 20765 ارب روپے ریونیو جمع کرنا ہوگا۔














