لاہور بھاٹی گیٹ واقعہ پر انکوائری مکمل، پولیس افسران پر تشدد کے الزامات ثابت اور ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارش کی گئی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بھاٹی گیٹ واقعہ میں جاں بحق خاتون کے شوہر غلام مرتضیٰ پر مبینہ پولیس تشدد کی تحقیقات مکمل کر لی گئیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر انٹرنل کاؤنٹیبلٹی برانچ نے انکوائری کی۔
رپورٹ کے مطابق غلام مرتضیٰ کو ایس ایچ او کے کمرے میں چار گھنٹے تک غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا گیا اور تشدد کیا گیا۔ کمرے میں نصب کیمرے کی ویڈیو سے واقعے کی تصدیق ہوئی۔
غلام مرتضیٰ نے بیان دیا کہ پولیس افسران نے اس پر دباؤ ڈالا کہ وہ اپنی بیوی اور بیٹی کے قتل کا الزام قبول کرے۔ انکوائری میں دونوں پولیس افسران کی غیر پیشہ ورانہ کارروائیوں کا ذکر کیا گیا ہے اور ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔
رپورٹ آئی جی پنجاب کو پیش کر دی گئی ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب کو بھیجی جائے گی۔ میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد ایس ایچ او کو معطل کر دیا گیا۔
دوسری جانب سانحہ بھاٹی گیٹ کے حوالے سے متضاد معلومات میڈیا تک پہنچنے پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو پولیس سمیت مختلف محکموں کے افسروں سے پوچھ گچھ کرے گی۔














