پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی آج لاہور میں ہوگا، دونوں ٹیمیں سیریز کی جیت کے لیے پرعزم ہیں۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں جیت کے لیے مقابلہ آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔ گرین شرٹس سیریز جیت کر ٹرافی گھر پر رکھنے کے لیے بے چین ہیں جبکہ آسٹریلیا سیریز برابر کرنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گا۔
پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست دی تھی۔ پاکستانی ٹیم نے اسپن بولنگ کے ذریعے حریف کو مشکلات میں ڈالے رکھا، اور آج کے میچ میں بھی اسپنرز کا کردار اہم ہوگا۔
کپتان سلمان علی آغا اور صائم ایوب، جنہوں نے پہلے میچ میں عمدہ کارکردگی دکھائی، آج کے میچ میں بھی اہم کھلاڑی ہوں گے۔ دوسری جانب آسٹریلیوی ٹیم کو اسپن بولنگ کے خلاف اپنی حکمت عملی بہتر بنانی ہوگی۔
قذافی اسٹیڈیم میں شائقین کی بڑی تعداد کی آمد متوقع ہے، جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ اضافی پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی تعینات ہوں گے۔















