عمران خان کی دائیں آنکھ کا طبی معائنہ مکمل ہوا اور ان کا علاج کامیابی سے کیا گیا۔ پی آئی ایم ایس انتظامیہ نے ان کی حالت کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران احمد خان نیازی کی دائیں آنکھ کی طبی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔عمران خان کےپاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس پمز اسپتال میں پروسیجر سے متعلق ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر رانا عمران سکندر کا ویڈیو پیغام بھی جاری کیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے بتایا کہ عمران خان نے حالیہ دنوں میں دائیں آنکھ کی بینائی میں کمی کی شکایت کی تھی۔
پمزکے ایک سینئر ماہرِ امراضِ چشم نے اڈیالہ جیل میں عمران خان کا مکمل معائنہ کیا، جس میں سلٹ لیمپ، فنڈوسکوپی، آنکھ کے دباؤ کی پیمائش، ضروری لیبارٹری ٹیسٹ اور ریٹینا کا او سی ٹی اسکین شامل تھے۔
تشخیص میں دائیں آنکھ میں سنٹرل ریٹینل وین اوکلوژن کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد اسپتال میں فالو اپ علاج کی سفارش کی گئی۔ عمران خان کو پی آئی ایم ایس منتقل کیا گیا، جہاں انہیں اینٹی وی ای جی ایف انٹرا ویٹریل انجیکشن دیا گیا۔
علاج آپریشن تھیٹر میں معیاری طبی طریقہ کار کے تحت کیا گیا، جو 20 منٹ میں مکمل ہوا۔ عمران خان کی حالت مستحکم رہی اور انہیں فالو اپ مشوروں کے ساتھ ڈسچارج کر دیا گیا۔















