ایران بامعنی مذاکرات کے لیے تیار، اسرائیلی توسیع پسندی خطے کے لیے خطرہ ہے: عباس عراقچی

ایران خطے میں اسرائیلی توسیع پسندی کو خطرہ قرار دیتے ہوئے منصفانہ مذاکرات کا خواہاں ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
ایران مذاکرات کا خواہاں، اسرائیلی توسیع پسندی کو خطرہ قرار

استنبول: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران کسی بھی بامعنی اور منصفانہ مذاکرات میں شرکت کے لیے تیار ہے اور اسرائیلی توسیع پسندی کو خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔ یہ بات انہوں نے ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہی۔

ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ فوجی حل مسائل کا جواب نہیں اور ایسی کسی کارروائی سے پورا خطہ عدم استحکام کا شکار ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل امریکا کو ایران پر حملے پر آمادہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور اسے خطے میں جنگی پالیسی ترک کرنی چاہیے۔

فیدان نے غزہ کی صورتحال پر بھی گفتگو کا ذکر کیا اور کہا کہ ترکی جنگ بندی برقرار رکھنے کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ شام سے متعلق انہوں نے بتایا کہ ایس ڈی ایف کو شامی فوج میں ضم کرنے پر سمجھوتہ طے پا چکا ہے۔

عباس عراقچی نے کہا کہ خطے کے ہر ملک کی سلامتی مجموعی علاقائی سلامتی سے جڑی ہے اور ایران برابری، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے کبھی جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ ایران کشیدگی میں کمی، دیرپا امن اور صہیونی سازشوں کے خاتمے کے لیے کسی بھی سفارتی اقدام کا خیرمقدم کرتا ہے۔ عراقچی کے مطابق موجودہ دورہ امریکا سے براہِ راست ملاقات کے لیے نہیں، تاہم ایران منصفانہ اور مساوی مذاکرات کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں