لاہور میں کھلے مین ہول میں ماں بیٹی کے جاں بحق ہونے پر شوہر نے پولیس پر تشدد کا الزام عائد کیا ہے اور انصاف کی اپیل کی ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لاہور میں کھلے مین ہول میں گر کر ماں اور بیٹی کے جاں بحق ہونے کا واقعہ نئے موڑ پر پہنچ گیا ہے۔ متوفیہ کے شوہر غلام مرتضیٰ نے پولیس پر تشدد کا الزام عائد کرتے ہوئے انصاف کی اپیل کی ہے۔
غلام مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ ان کی بیوی اور بیٹی کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوئیں، مگر پولیس نے مدد کے بجائے انہیں بیلٹ سے مارا اور کرنٹ دینے کی دھمکیاں دیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ انہیں بار بار بیانات لکھوائے گئے اور مختلف کاغذات پر دستخط کروائے گئے۔ ان کے مطابق ایس ایچ او اور ایس پی بھی اس واقعے میں ملوث ہیں جبکہ ماسک پہنے افراد نے ان پر تشدد کیا۔
شورکوٹ سے گفتگو کرتے ہوئے غلام مرتضیٰ نے کہا کہ ان کے ساتھ ظلم ہوا، ایف آئی آر درج ہو چکی ہے، مگر ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہیے تاکہ مستقبل میں کسی کی بیٹی اس طرح نہ جاں بحق ہو۔















