ترکیہ نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کے لیے امریکا کو اکسانے پر تشویش ظاہر کی ہے اور خطے میں امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
انقرہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ترکیہ کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیل ایران پر فوجی حملہ کرنے کے لیے امریکا کو اکسا رہا ہے، تاہم ترکیہ خطے میں کسی نئی جنگ یا عدم استحکام کا حامی نہیں ہے۔ انہوں نے ایران میں امن و استحکام کو ترکیہ کے لیے انتہائی اہم قرار دیا کیونکہ خطے کی کشیدگی تمام پڑوسی ممالک کو متاثر کر سکتی ہے۔
ترک وزیر خارجہ نے ایران میں حالیہ مظاہروں کے دوران ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا اور تمام فریقین سے تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات کی بحالی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ علاقائی کشیدگی میں کمی لائی جا سکے۔
وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ ترکیہ ایران میں غیر ملکی مداخلت کی مخالفت کرتا ہے اور مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے امریکا اور ایران سے کہا کہ وہ مذاکرات کی میز پر واپس آئیں اور کشیدگی کم کرنے کے عملی اقدامات کریں۔
ترک وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ امریکا ایران پر حملہ نہیں کرے گا اور بتایا کہ امریکی نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف سے اس معاملے پر بات چیت ہوئی ہے اور مزید رابطے جاری رہیں گے۔













