گل پلازہ سانحہ: آگ اور ریسکیو میں شدید ناکامی کی رپورٹ

سانحہ گل پلازہ کی رپورٹ میں آگ اور ریسکیو ناکامی کی تصدیق، 79 افراد جاں بحق ہوئے، 39 کی شناخت ہوچکی ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
گل پلازہ سانحہ: آگ اور ریسکیو میں شدید ناکامی کی رپورٹ

کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سانحہ گل پلازہ پر حکومت کی قائم کمیٹی کی رپورٹ جاری کی گئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آگ گراؤنڈ فلور کی دکان نمبر 193 میں لگی، جہاں دکان مالک کے 11 سالہ بیٹے نے ماچس جلائی تھی۔ مصنوعی پھولوں پر گرنے سے آگ بھڑک اٹھی اور آتش گیر مواد کی موجودگی کے باعث تیزی سے پھیل گئی۔

رپورٹ کے مطابق غیر محفوظ برقی وائرنگ، ایئر کنڈیشنرز اور کھلے پائپوں نے صورتحال کو بگاڑ دیا۔ فائر ٹینڈرز کو پانی کی فراہمی میں تاخیر ہوئی اور پہلا واٹر باؤزر رات گیارہ بجکر 53 منٹ پر پہنچا۔

فائر فائٹرز کے پاس مناسب آلات اور تربیت کی کمی تھی جبکہ لوگوں کو نکالنے کے لیے لوہے کی راڈز کاٹنے کے آلات بھی نہیں تھے۔ پولیس کی جانب سے ہجوم کو قابو میں رکھنے کے اقدامات بھی مؤثر نہیں تھے۔

رپورٹ میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ عمارت میں خارجی راستے بند تھے یا تجاوزات قائم تھیں۔ سیڑھیوں کی چوڑائی کم اور دروازوں کی تعداد کم کر دی گئی تھی۔

یاد رہے کہ سانحہ گل پلازہ میں 79 افراد جاں بحق ہوئے تھے، جن میں سے 39 کی شناخت ہوچکی ہے۔ رپورٹ میں آگ لگنے کی وجوہات اور ریسکیو سے متعلق تفصیلات شامل ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں