افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کی بڑھتی سرگرمیاں خطے کے لیے خطرہ بن رہی ہیں، یوریشیا ریویو کی رپورٹ میں پاکستان کے مؤقف کی تائید کی گئی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) افغانستان میں موجود دہشت گرد تنظیمیں خطے کے لیے سنگین سیکیورٹی چیلنج بن رہی ہیں۔ عالمی جریدے یوریشیا ریویو کی رپورٹ میں پاکستان کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ افغان طالبان حکومت عالمی سطح پر سیکیورٹی خطرہ بن چکی ہے۔ اقوام متحدہ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ افغانستان میں القاعدہ اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سمیت 20 سے زائد دہشت گرد تنظیمیں سرگرم ہیں۔
رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر افغانستان میں موجود دہشت گرد نیٹ ورکس کی وجہ سے پاکستان میں عدم استحکام پیدا ہوتا ہے تو اس کے اثرات پورے خطے پر پڑ سکتے ہیں۔ یوریشیا ریویو نے مزید کہا کہ پاکستان نہ صرف اپنے شہریوں بلکہ خطے کے دیگر ممالک کو بھی دہشت گردی کے خطرات سے محفوظ بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔
رپورٹ میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ اصل سوال یہ ہے کہ عالمی برادری افغان طالبان حکومت کی جانب سے دہشت گردی کی روک تھام کے لیے کیا اقدامات کر رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے دہشت گرد تنظیموں کی مبینہ سرپرستی عالمی سطح پر سامنے آ چکی ہے، اور پاکستان نے بارہا بین الاقوامی برادری کو اس حوالے سے شواہد فراہم کیے ہیں۔














