لاہور ہائیکورٹ نے ٹیکسالی گیٹ و شیرانوالہ گیٹ پر انڈر گراؤنڈ پارکنگ منصوبہ روک دیا؛ پنجاب یونیورسٹی کے درختوں کی کٹائی پر وائس چانسلر کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے ٹیکسالی گیٹ اور شیرانوالہ گیٹ پر جاری انڈر گراؤنڈ پارکنگ پروجیکٹ کو روک دیا۔ عدالت نے پنجاب یونیورسٹی میں درختوں کی کٹائی نہ رکنے پر وائس چانسلر اور رجسٹرار کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا۔
جسٹس شاہد کریم نے ماں اور بیٹی کے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعے پر اظہار افسوس کیا۔ عدالت کو ماحولیاتی کمیشن کے ممبرز کی جانب سے بتایا گیا کہ عدالتی حکم کے باوجود درختوں کی کٹائی جاری ہے۔
دوران سماعت وکیل اظہر صدیق نے داتا صاحب کے اطراف میں درختوں کی کٹائی کی نشاندہی کی اور کہا کہ یہ عمل ماں اور بیٹی کی جان لینے کے مترادف ہے۔
عدالت نے ڈی جی ایل ڈی اے اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا اور پنجاب یونیورسٹی میں درختوں کی کٹائی کے معاملے پر برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے ڈی جی پی ایچ اے کو یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کے ساتھ میٹنگ کی ہدایت کی اور معاملہ اینٹی کرپشن کو بھیجنے کا عندیہ دیا۔














