پاکستان کے سرکاری اداروں کے منافع میں 15 فیصد کمی

پاکستان کے سرکاری اداروں کا منافع 15 فیصد کم ہو کر 622 ارب روپے رہ گیا، جبکہ تیل و گیس کے شعبے کا منافع بھی ایک چوتھائی کم ہوا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
پاکستان کے سرکاری اداروں کے منافع میں 15 فیصد کمی

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزارتِ خزانہ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے 15 بڑے سرکاری اداروں کا مجموعی منافع گزشتہ مالی سال میں کم ہو کر 622 ارب روپے رہ گیا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 15 فیصد کی کمی کو ظاہر کرتا ہے۔ صرف ایک سرکاری ادارہ 100 ارب روپے سے زائد منافع کما سکا، جبکہ 36 فیصد ادارے آڈٹس مکمل کر سکے۔

وزارتِ خزانہ کے سینٹرل مانیٹرنگ یونٹ کی تیار کردہ رپورٹ میں اداروں کے بورڈز کی کارکردگی کو کمزور قرار دیتے ہوئے ان کی نگرانی کے نظام کو ناقص کہا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، بورڈز زیادہ تر نامکمل ہیں اور آڈٹ و رسک کمیٹیوں کی نگرانی مؤثر نہیں، جس سے اداروں کی کارکردگی متاثر ہوئی۔

آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے 170 ارب روپے منافع کمایا، تاہم اس کے منافع میں بھی 19 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ نے 90 ارب روپے منافع حاصل کیا، جو 22 فیصد کم رہا، جبکہ نیشنل بینک آف پاکستان نے 57 ارب روپے منافع کما کر 106 فیصد اضافہ ظاہر کیا۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق تیل و گیس کے شعبے کا مجموعی منافع ایک چوتھائی کمی کے بعد 366 ارب روپے رہ گیا۔ خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کے نقصانات 6.5 کھرب روپے تک پہنچ چکے ہیں، جن میں ہر سال 700 سے 900 ارب روپے کا اضافہ ہو رہا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں