ملک بھر میں سردی کی شدت، بالائی علاقوں میں برفباری

ملک کے مختلف حصوں میں سردی کی لہر جاری ہے، بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری سے زندگی متاثر ہو رہی ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
ملک بھر میں سردی کی شدت، بالائی علاقوں میں برفباری

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے، بالائی علاقوں میں برفباری سے معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے اور شمال سے 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ یکم سے 3 فروری کے دوران مری، گلیات اور گردونواح میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ پوٹھوہار ریجن، سیالکوٹ، نارووال، گجرات اور گوجرانوالہ میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

بلوچستان میں بھی موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2، قلات میں منفی 7، زیارت میں منفی 8 اور ژوب میں صفر ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ خیبرپختونخوا، پنجاب اور سندھ میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ مری اور گلیات میں ہلکی بارش اور برفباری جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں شدید سردی کے ساتھ مطلع ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں