ملتان سلطانز کی فروخت سے پی سی بی کے خزانے میں 2 ارب روپے سے زائد کی آمد متوقع ہے، غیر ملکی پارٹیز نیلامی میں دلچسپی ظاہر کر رہی ہیں جبکہ سابقہ مالکان بھی ٹیم واپس لینا چاہتے ہیں۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ملتان سلطانز کی فروخت سے پی سی بی کے خزانے میں 2 ارب روپے سے زائد آنے کا امکان ہے۔ غیر ملکی پارٹیز نے نیلامی میں خاصی دلچسپی ظاہر کی ہے جبکہ سابقہ مالکان بھی ٹیم کو واپس لینا چاہتے ہیں۔
ملتان سلطانز کے معاہدے میں توسیع نہ ہونے کی وجہ اونر اور پی سی بی میں اختلافات تھے۔ بورڈ نے پہلے فرنچائز کے معاملات خود سنبھالنے کا اعلان کیا تھا لیکن بعد میں بھاری قیمت پر دو نئی ٹیموں کی فروخت کے بعد ارادہ بدل دیا۔
حیدرآباد اور سیالکوٹ کو بالترتیب ایک ارب 75 کروڑ اور ایک ارب 85 کروڑ کی سالانہ فیس پر بیچا گیا۔ ملتان سلطانز کی فروخت کے لیے بھی اشتہار جاری کر دیا گیا اور ٹیکنیکل بڈز جمع کرانے کا آج (جمعہ) آخری دن ہے۔
ذرائع کے مطابق نیلامی میں دو کمپنیاں دو ارب روپے تک دینے کو تیار ہیں جبکہ سابقہ مالکان بھی ٹیم واپس حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
پی سی بی نے سابقہ مالکان کو بتا دیا کہ نیلامی کے ذریعے ہی ٹیم خریدی جا سکتی ہے اور ان کی ملکیت ختم ہو چکی ہے۔ نیلامی کے بعد فرنچائز کے مالک کا اعلان کیا جائے گا۔















