پاکستان کرکٹ ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کا حتمی فیصلہ آج متوقع ہے۔ بنگلادیش کے حالیہ تنازع کے تناظر میں پاکستان کرکٹ بورڈ مختلف آپشنز پر غور کر رہا ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ آج متوقع ہے، جس کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ میں اعلیٰ سطح پر مشاورت جاری ہے۔ خطے کی بدلتی ہوئی کرکٹ صورتحال اور بنگلادیش کے حالیہ تنازع کے تناظر میں مختلف آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے متعلق مختلف تجاویز پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کو اعتماد میں لیا ہے اور خطے کی مجموعی کرکٹ صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جاری مشاورت کا مقصد کسی بھی ممکنہ پیچیدگی سے بچتے ہوئے پاکستان کے مفادات کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ اس معاملے پر وزیراعظم پاکستان نے بھی خوش اسلوبی اور تدبر کے ساتھ فیصلہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی اور بنگلادیش کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا تنازع تقریباً تین ہفتوں سے جاری تھا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے اثر و رسوخ کے تحت انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بنگلادیش کے جائز مطالبات تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے اسے ٹورنامنٹ سے ہی باہر کر دیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ورلڈکپ کے بائیکاٹ یا بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے آپشن پر بھی غور کیا جا سکتا ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ آج متوقع ہے۔















