فروری کے بجلی بلوں میں فی یونٹ 1.41 روپے اضافی فیول چارجز وصول کیے جائیں گے۔ بنیادی ٹیرف میں 2 سے 3 روپے فی یونٹ اضافہ بھی نافذ ہو چکا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے اعلان کیا ہے کہ فروری کے بجلی بلوں میں صارفین سے فی یونٹ 1.41 روپے اضافی فیول چارجز وصول کیے جائیں گے۔
یہ معلومات نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی میں ہونے والی عوامی سماعت کے دوران سامنے آئیں۔ حکام کے مطابق دسمبر کی بجلی کھپت پر 0.48 روپے فی یونٹ اضافی فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ درکار ہے، جس کے باعث فروری کے بلوں میں مجموعی طور پر 1.41 روپے فی یونٹ اضافہ کیا جائے گا۔
سماعت کے دوران صنعت کار نمائندوں نے بتایا کہ بنیادی بجلی ٹیرف میں پہلے سے ہی 2 سے 3 روپے فی یونٹ اضافہ نافذ ہو چکا ہے، جو پورے مالی سال کے لیے لاگو ہوگا۔
سماعت کے دوران بتایا گیا کہ اضافی لاگت کی بڑی وجہ بجلی کی کھپت میں اضافہ اور مہنگے پاور پلانٹس کا استعمال ہے، کیونکہ پن بجلی اور جوہری بجلی کی پیداوار محدود رہی۔ پاور پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ کمپنی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ حکومت ایک نئے ٹیرف پیکیج پر کام کر رہی ہے۔














