میڈ اِن پاکستان کو عالمی معیار کا برانڈ بنانا حکومت کی ترجیح ہے۔پاکستانی مصنوعات کے معیار اور عالمی منڈیوں تک رسائی بڑھانے پر زور دیا۔
دبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت نے سنہ 2029ء تک 60 ارب ڈالرز کی برآمدات کا ہدف مقرر کیا ہے۔
دبئی میں جاری گلف فوڈ 2026ء کے موقع پر پاکستان پویلین کے دورے کے دوران انہوں نے وضاحت کی کہ میڈ اِن پاکستان کو عالمی معیار کا برانڈ بنانا حکومت کی ترجیح ہے اور اگلے 10 سال میں پاکستان کی برآمدات کو 100 ارب ڈالرز تک پہنچانا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ گلف فوڈ میں پاکستان کی بھرپور موجودگی دیکھ کر انہیں خوشی ہوئی ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ اُڑان پاکستان کے تحت حکومت کی اولین ترجیح برآمدات میں اضافہ کرنا ہے تاکہ ملکی معیشت کو خودانحصاری کی جانب گامزن کیا جا سکے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا، کہ“ہمارا ہدف ہے کہ 2030 تک 60 ارب ڈالر کی برآمدات حاصل کی جائیں اور 2035 تک 100 ارب ڈالر کی برآمدات سے تجاوز کیا جائے۔ ان اہداف کے حصول کے لیے حکومت نجی شعبے کے ساتھ قریبی تعاون کرے گی اور مکمل معاونت فراہم کرے گی۔
احسن اقبال نے نمائش میں شریک پاکستانی سٹالز کا معائنہ کیا اور نمائش کنندگان سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستانی مصنوعات کے معیار اور عالمی منڈیوں تک رسائی بڑھانے پر زور دیا۔ نمائش میں اس سال 140 سے زائد پاکستانی کمپنیاں شریک ہیں۔














