ایران جنگ کا آغاز نہیں کرے گا، تاہم پوری طاقت کے ساتھ دفاع کرے گا۔نائب صدرایران

ایران نے امریکا کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کے باعث خود کو جنگی تیاری کی حالت میں قرار دے دیا ہے، نائب صدر محمد رضا عارف کا بیان۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
ایران نے امریکا کے ساتھ کشیدگی میں جنگی تیاری شروع کر دی

تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران کے نائب صدر محمد رضا عارف نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث حکومت خود کو جنگی تیاری کی حالت میں تصور کر رہی ہے۔ یہ بیان تہران میں حکومتی حکام کے اجلاس سے خطاب کے دوران دیا گیا۔

محمد رضا عارف نے واضح کیا کہ ایران جنگ کا آغاز نہیں کرے گا، تاہم اگر جنگ مسلط کی گئی تو ملک پوری طاقت کے ساتھ اپنا دفاع کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ممکنہ جنگ کا انجام دشمنوں کے ہاتھ میں نہیں ہوگا۔

نائب صدر نے امریکا اور اسرائیل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر ہر ممکنہ منظرنامے کے لیے تیار رہنا ضروری سمجھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی حکمت عملی ہمیشہ مکالمے اور منطق پر مبنی رہی ہے، لیکن اگر جنگ کا آغاز ہوا تو اس کے اختتام کا فیصلہ دشمن قوتیں نہیں کریں گی۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں امریکا اور ایران کے درمیان سیاسی اور عسکری بیانات کے تبادلے میں شدت آئی ہے، جس کے باعث خطے میں کشیدگی کے خدشات بڑھتے جا رہے ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں