لاہور میں داتا دربار کے قریب سیوریج لائن میں ماں بیٹی کے گرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی ہے، جس میں ان کے داتا دربار سے نکلنے کی تصاویر ہیں۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لاہور میں داتا دربار کے قریب سیوریج لائن میں ماں بیٹی کے گرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی ہے۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون اپنی بچی کے ہمراہ داتا دربار سے نکل رہی ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق متاثرہ خاتون، ان کی بچی اور شوہر کو شام 6:47 پر داتا دربار کے قریب شاپنگ کرتے دیکھا گیا اور یہ سب رات 7:22 پر داتا دربار کے سامنے موجود تھے۔
رپورٹ کے مطابق 7:30 بجے یہ تینوں پرانی پرندہ مارکیٹ کی طرف جاتے نظر آئے اور 7:32 پر ریسکیو 1122 کو خاتون اور بچی کے گرنے کی اطلاع ملی، جس کے بعد ریسکیو اہلکار چار منٹ میں پہنچ گئے۔
ابتدائی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ خاتون کی ساس کو وہاں شور مچا کر لوگوں کو بلاتے ہوئے دیکھا گیا۔















