فیفا ورلڈکپ ٹرافی کا پاکستان دورہ متوقع، فٹبال کی ترقی کے لیے جامع منصوبے اور پروفیشنل لیگ کے انعقاد کا منصوبہ۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) فیفا ورلڈکپ ٹرافی کا میگا ایونٹ سے قبل پاکستان کا دورہ متوقع ہے، جس سے ملک میں فٹبال کی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے چیف آپریٹنگ آفیسر شاہد کھوکھر نے ایکسپریس نیوز کے مارننگ شو میں شرکت کی اور بتایا کہ فیفا کی مدد سے پاکستان میں فٹبال کی ترقی کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ رواں برس پاکستان میں پروفیشنل لیگ کرانے کا منصوبہ ہے اور فٹبال کی عالمی تنظیم کے سربراہ جیانی انفینٹینو کی آمد بھی ممکن ہے۔
شاہد کھوکھر نے بتایا کہ انتخاب کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن فعال ہو چکی ہے اور ویمنز ٹیم کو فیفا سیریز میں شامل کر لیا گیا ہے، جو بڑی کامیابی ہے۔
پاکستان میں فٹبال ہمیشہ سے مقبول رہی ہے، اور اب نوجوان نسل میں اس کا جنون مزید بڑھتا جا رہا ہے، فٹبال کلبز کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔















