گلگت بلتستان میں برفباری سے سڑکیں بند، نظامِ زندگی متاثر

گلگت بلتستان میں شدید برفباری سے سڑکوں کی بندش کے باعث شہری مشکلات کا شکار ہیں جبکہ درجہ حرارت منفی 15 ڈگری تک گر گیا ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
گلگت بلتستان میں برفباری سے سڑکیں بند، نظامِ زندگی متاثر

گلگت بلتستان: (رائیٹ ناوٴ نیوز) شدید برفباری کے باعث دور دراز علاقوں کی سڑکیں بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ درجہ حرارت منفی 15 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی نیچے چلا گیا ہے۔

پیر اور منگل کو ہونے والی تازہ برفباری سے اسکردو، استور، گانچھے، شگر، کھرمنگ، ہنزہ، نگر اور غذر کے مختلف علاقوں میں معمولاتِ زندگی معطل ہو گئے۔ پولیس کے مطابق بعض علاقوں میں 6 انچ تک برف پڑی جس کے باعث سفر خطرناک ہو گیا ہے۔

محکمہ مواصلات و تعمیرات کے حکام کا کہنا ہے کہ قراقرم ہائی وے، غذر شندور روڈ، استور ویلی روڈ اور بلتستان روڈ کو شام کے وقت جزوی طور پر ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا، تاہم مسافروں کو احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔

نگر کے نیلٹ علاقے میں بجلی کی طویل بندش کے خلاف شہریوں نے قراقرم ہائی وے بلاک کر کے احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے میں کئی دنوں سے بجلی مکمل طور پر بند ہے جبکہ معمول کے مطابق بھی 20 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہوتی ہے۔

صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر گلگت بلتستان نے 30 جنوری سے 2 فروری تک بارش، برفباری اور گرج چمک کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کیا ہے، جس میں برفانی تودے گرنے، لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی مزید بندش کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں