امریکا میں شدید برفباری اور سردی کی لہر سے 65 افراد ہلاک ہو گئے۔ مشرقی امریکا کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے ہے، فضائی سفر اور بجلی کی فراہمی متاثر۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکا میں شدید برفباری اور سردی کی نئی لہر نے زندگی مفلوج کر دی ہے، جس کے باعث ہونے والے مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 65 تک پہنچ گئی ہے۔
مشرقی امریکا کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا ہے، جس کے نتیجے میں سڑکیں، رہائشی علاقے اور سفری نظام متاثر ہو رہے ہیں۔ شکاگو میں درجہ حرارت منفی 14 ڈگری جبکہ کلیولینڈ میں منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ٹینیسی اور مسیسیپی میں شدید برفباری کے باعث ایک لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہیں، جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
برفانی طوفان نے فضائی سفر کو بھی متاثر کیا ہے، امریکن ایئر لائنز کی 653 پروازیں منسوخ اور 1077 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔ ڈیلس فورٹ ورتھ ایئرپورٹ پر بھی فلائٹ آپریشن متاثر ہے۔ ایئر لائنز نے اضافی شفٹس پر ڈبل تنخواہ کی پیشکش کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے نیویارک اور نیو جرسی میں شدید سرد ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا ہے، سردی کی یہ لہر اگلے ہفتے تک جاری رہ سکتی ہے۔ حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔













