ایرانی صدر نے احتجاجی بحران پر خود احتسابی کا مشورہ دیتے ہوئے حکومت کو اپنی کوتاہیوں کو تسلیم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ملک میں جاری احتجاجی لہر کے معاملے پر حکومت کو صرف بیرونی طاقتوں کو ذمہ دار ٹھہرانے کے بجائے اپنی کوتاہیوں کو بھی تسلیم کرنا چاہیے۔
صدر مسعود پزشکیان نے سرکاری خبر رساں ادارے کے ذریعے کہا ہے کہ بے چینی اور عدم استحکام کی صورتحال حقیقت پسندانہ طرزِ فکر کی متقاضی ہے اور مسائل کا حل الزام تراشی کے بجائے اندرونی جائزے اور اصلاحات میں ہے۔
ایرانی صدر نے عدلیہ کے ساتھ مکالمے پر زور دیا تاکہ بعض زیرِ حراست مظاہرین کی رہائی ممکن ہو سکے، ان کے مطابق بات چیت کے ذریعے حالات میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔
یاد رہے کہ ایران میں حالیہ احتجاجی مظاہروں کی بنیادی وجہ خراب معاشی صورتحال بتائی جا رہی ہے، جبکہ جوہری پروگرام سے متعلق بین الاقوامی پابندیوں کے باعث معیشت پر دباؤ برقرار ہے۔














