وزیراعظم شہباز شریف نے گیٹس فاؤنڈیشن کے صدر کرس ایلیاس سے ملاقات میں پولیو کے خاتمے کے لیے آگاہی مہم کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے گیٹس فاؤنڈیشن کے عالمی ترقی کے صدر کرس ایلیاس سے ملاقات کی ہے، جس میں پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے آگاہی مہم کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس دوران وزارت صحت کو سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں پولیو کے سدباب کے لیے بل گیٹس کی قابل قدر خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے مسلم برادر ممالک کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پولیو کے خاتمے کے لیے جامع حکمت عملی اور موثر ٹیم کے ساتھ عملی اقدامات کر رہی ہے اور اس بیماری کے جلد مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ حکومت پولیو ٹیموں کی ہر جگہ رسائی ممکن بنانے کے لیے کوشاں ہے۔
گیٹس فاؤنڈیشن کے عالمی ترقی کے صدر نے کہا کہ پاکستان کے انسداد پولیو کے لیے عملی اقدامات کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے اور پاکستان پولیو کے مکمل خاتمے کی طرف کامیابی سے بڑھ رہا ہے۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ انسداد پولیو پر مشاورت جاری رہے گی۔















