لاہور میں آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے سرد موسم کی توقع نہ ہونے کا اعتراف کیا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان مچل مارش نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ وہ پاکستان میں اس قدر سردی کی توقع نہیں کر رہے تھے اور اسی وجہ سے مناسب گرم کپڑے ساتھ نہیں لا سکے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز 29 جنوری سے یکم فروری تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلی جائے گی۔ یہ سیریز دونوں ٹیموں کے لیے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 سے قبل تیاری کا اہم موقع ہے۔
مچل مارش نے کہا کہ ہماری زیادہ تر ٹیم دبئی میں ٹریننگ کر رہی تھی اور بگ بیش لیگ کی مصروفیات کے باعث کچھ کھلاڑی دیر سے پہنچے، لیکن ہم مکمل طور پر تیار ہیں۔
آسٹریلیا کو پیٹ کمنز، ٹم ڈیوڈ، جوش ہیزل ووڈ اور گلین میکسویل جیسے اہم کھلاڑیوں کی خدمات اس سیریز میں نہیں ہوں گی، مگر وہ ورلڈ کپ سے قبل اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔
مچل مارش نے اعتراف کیا کہ انہیں پاکستان کی سردی کا اندازہ نہیں تھا، اسی لیے گرم کپڑے ساتھ نہیں لائے، مگر آئندہ کے لیے یہ بات ذہن میں رکھیں گے۔















