راشد نسیم نے 150 گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر کے پاکستانی تاریخ میں انفرادی طور پر یہ کارنامہ سرانجام دیا۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) راشد نسیم نے پاکستانی تاریخ میں انفرادی طور پر 150 گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے والے پہلے کھلاڑی بن کر ایک نیا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کے ڈیٹا کے مطابق، راشد نسیم نے انگلینڈ کے جوش لیایا کا ریکارڈ توڑ کر 333 پنچ مارنے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ انہوں نے ایک منٹ میں 340 فل ایکسٹینشن پنچ ٹارگٹ پر ہٹ کیے، جبکہ ان کے دو مزید ریکارڈز کی بھی منظوری دی گئی۔
ایک انوکھے ریکارڈ میں انہوں نے انڈے کو ہوا میں اچھال کر اخروٹ کو توڑا اور انڈے کو کیچ کیا۔ انہوں نے جرمن ماسٹر کا ریکارڈ توڑتے ہوئے 80 مرتبہ اخروٹ توڑا اور انڈا بھی نہ ٹوٹا۔
راشد نسیم نے نن چکو کے ساتھ ایک نیا ریکارڈ قائم کیا جہاں وہ 36 مرتبہ نن چکو کو کیچ کرنے میں کامیاب رہے۔ گنیز ورلڈ ریکارڈ نے ان کی کامیابی کی تصدیق کر دی ہے۔
واضح رہے کہ راشد نسیم نے 2025 میں 31 عالمی ریکارڈز بنائے تھے اور 2024 میں بھی 28 عالمی ریکارڈز کے ساتھ سر فہرست رہے۔ انہوں نے اپنا 150 واں ریکارڈ فلسطین کے نام کیا اور حکومت سے پزیرائی نہ ملنے پر شکوہ کیا۔















