وفاقی حکومت نے بجٹ 2026-27 کے لیے ترجیحات کا اعلان کردیا

وفاقی حکومت نے بجٹ 2026-27 کے لیے ترجیحات کا اعلان کردیا ہے، جی ڈی پی گروتھ 5.1 فیصد اور مہنگائی کی شرح 6.5 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
وفاقی حکومت نے بجٹ 2026-27 کے لیے ترجیحات کا اعلان کردیا

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ کی ترجیحات کا تعین کرلیا ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق نئے بجٹ میں جی ڈی پی گروتھ کا تخمینہ 5.1 فیصد ہے اور مہنگائی کی شرح 6.5 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔ گرین ٹیکس، نان ٹیکس ریونیو اور کلائمیٹ سبسڈیز پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

تمام وزارتوں کو بجٹ میں ماحولیاتی اور موسمیاتی اخراجات کی نشاندہی کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق آمدن اور اخراجات کی الگ ٹیگنگ لازمی ہوگی۔ بجٹ میں آفات سے نمٹنے کے لیے ڈیزاسٹر بجٹنگ فریم ورک کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔

نان ٹیکس آمدن کو ماحولیاتی اثرات کے لحاظ سے جانچا جائے گا اور آلودگی پھیلانے والی سرگرمیوں پر لیویز کو کلائمیٹ اہداف سے جوڑا جائے گا۔ گرین ریونیو کے لیے توانائی، ٹرانسپورٹ اور آلودگی کے مسائل سے نمٹنا ترجیح ہوگی۔ قدرتی آفات کے پیش نظر ڈیزاسٹر اخراجات کی الگ نگرانی ہوگی۔

قدرتی وسائل کی کیٹیگریز اور سبسڈیز کو کلائمیٹ ایڈاپٹیشن اور مٹیگیشن میں تقسیم کیا جائے گا۔ زرعی انشورنس، موسمیاتی انفراسٹرکچر ایڈاپٹیشن، صاف توانائی اور الیکٹرک وہیکلز مٹیگیشن سبسڈیز میں شامل ہیں۔ بجٹ میں شفافیت اور ماحولیاتی اہداف کے حصول پر زور دیا جائے گا۔

وزارتِ خزانہ نے بجٹ کال سرکلر جاری کرتے ہوئے بجٹ سازی کے شیڈول کی منظوری دے دی ہے۔ بجٹ کال سرکلر جاری کر دیا گیا ہے جبکہ عبوری معاشی فریم ورک رواں ماہ کے دوران تیار کیا جائے گا۔ وزارتوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ اہم بجٹ فارم، ریونیو اور اخراجات کے نظرثانی شدہ تخمینے اور ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات 20 فروری تک جمع کرائیں۔

پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے درمیان تیسرے اقتصادی جائزے کے مذاکرات کی تیاریوں کا آغاز ہو گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے عوام، تنخواہ دار طبقے اور صنعتی شعبے کو ریلیف دلانے کے لیے آئی ایم ایف سے بات چیت کی جائے گی۔ وزیراعظم نے آئی ایم ایف سے ریلیف لینے کے لیے آئندہ دو ہفتوں میں تجاویز مانگ لیں۔

دیگر متعلقہ خبریں