حکومت پنجاب نے بسنت کے دوران لاہور میں مفت ٹرانسپورٹ کی فراہمی کا منصوبہ فائنل کیا ہے، جس کے تحت شہری میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین سے مفت سفر کر سکیں گے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) حکومت پنجاب نے لاہور میں بسنت کے موقع پر شہریوں کے لیے مفت ٹرانسپورٹ کی فراہمی کا منصوبہ فائنل کر لیا ہے۔
کمشنر لاہور ڈویژن نے ٹرانسپورٹ پلان کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت شہری میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین سے مفت سفر کر سکیں گے۔ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی اور نجی رائیڈر کمپنیاں مفت ٹرانسپورٹ فراہم کریں گی جبکہ سرکاری کالجز اور یونیورسٹیز کی بسیں بھی استعمال کی جائیں گی۔
منصوبے کے تحت لاہور کے 24 روٹس پر مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت دی جائے گی۔ فیڈر روٹس سے 228 بسیں، میٹرو بس سروس کی 64 بسیں، اور سرکاری اداروں کی 127 بسیں مفت ٹرانسپورٹ فراہم کریں گی۔
اورنج لائن میٹرو ٹرین سے یومیہ اڑھائی لاکھ افراد اور میٹرو بس سے 87 ہزار افراد مفت سفر کر سکیں گے۔ لاہور کے فیڈر روٹس کے ذریعے یومیہ ایک لاکھ 27 ہزار افراد کو مفت ٹرانسپورٹ کی گنجائش ہوگی۔
مجموعی طور پر بسوں کے ذریعے یومیہ 5 لاکھ 16 ہزار افراد کو مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم ہوگی جبکہ نجی کمپنی کے 5 ہزار رکشے بھی برانڈنگ کے ذریعے مفت ٹرانسپورٹ کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔















