اسٹیٹ بینک نے اعلان کیا ہے کہ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد نئے کرنسی نوٹوں کی چھپائی جلد شروع کی جائے گی۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد مختلف مالیت کے نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹوں کی چھپائی جلد شروع کی جائے گی۔ گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے مانیٹری پالیسی کے اعلان کے بعد بتایا کہ نئے نوٹوں کی تیاری کا عمل آخری مراحل میں ہے اور کابینہ کی منظوری کے فوراً بعد چھپائی کا آغاز ہوگا۔
جمیل احمد نے کہا کہ نئے ڈیزائن کے نوٹ فوری طور پر مارکیٹ میں نہیں آئیں گے بلکہ مرحلہ وار گردش میں لائے جائیں گے جب اسٹیٹ بینک موجودہ نوٹوں کو تبدیل کرنے کے لیے کم از کم مطلوبہ ذخیرہ تیار کر لے گا۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے واضح نہیں کیا کہ کن مالیت کے نوٹ پہلے متعارف کرائے جائیں گے، جبکہ موجودہ زیرِ گردش نوٹوں میں 10، 20، 50، 75، 100، 500، 1,000 اور 5,000 روپے کے نوٹ شامل ہیں۔















