پاکستان اور ترکیہ نے چاول کی تجارت میں اضافے پر اتفاق کیا ہے جس کے تحت پاکستان عالمی قیمتوں پر چاول فراہم کرے گا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان اور ترکیہ نے چاول کی تجارت میں اضافہ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ پاکستان نے عالمی قیمتوں کے مطابق چاول فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے اور برآمدی حجم میں اضافے پر زور دیا گیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان حکومتی سطح پر چاول کی تجارت بھی زیر غور ہے۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور ترک سفیر کے درمیان ملاقات میں بتایا گیا کہ پاکستان میں چاول کی بہترین فصل ہوئی ہے اور وافر برآمدی سرپلس دستیاب ہے۔ ترکیہ کو باسمتی اور نان باسمتی چاول مسابقتی نرخ پر فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
آزاد تجارتی معاہدے کے تحت کوٹہ اٹھارہ ہزار میٹرک ٹن بڑھانے پر زور دیا گیا ہے۔ وزارت تجارت کے مطابق باسمتی چاول پر صفر یا کم ٹیرف پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ پاک ترکیہ دوطرفہ تجارت پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف ہے اور کاروباری وفود اور بی ٹو بی روابط بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ آئندہ ہفتوں میں تکنیکی وفود کی ملاقات بھی متوقع ہے۔















