رحیم یار خان میں ڈاکو عاشق موٹا اپنے 17 ساتھیوں سمیت پولیس کے سامنے سرینڈر ہوگیا، لولائی گینگ نے ہتھیار ڈال دیے۔
رحیم یار خان: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب پولیس اور ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس بیورو نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کچہ کے علاقے میں 50 لاکھ روپے انعام یافتہ بدنام ڈاکو عاشق موٹا کو اس کے 17 ساتھیوں سمیت سرینڈر کرنے پر مجبور کردیا۔
ترجمان کے مطابق لولائی گینگ کے 17 خطرناک ملزمان نے ہتھیار ڈال کر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کر دیے۔ کارروائی کے دوران کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں نے کہا کہ ریاستی رٹ قائم کرنا اور عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس اور حساس اداروں کی اولین ترجیح ہے۔ سرینڈر کرنے والے ملزمان سے قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔
ڈی پی او نے مزید کہا کہ کچہ کے علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کے لیے اب سوائے سرینڈر کے کوئی محفوظ راستہ نہیں ہے اور امن و امان کے قیام کے لیے کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔














